بیوٹیفکیشن پروگرام :سوساں روڈ پر گرین بیلٹ کی بحالی جاری
کمشنر نے گرین بیلٹ پر پی ایچ اے کی طرف سے جاری کاموں کاجائزہ لیا گرین بیلٹ پر کارپٹ گھاس، پودے لگانے کیساتھ دلکش ماڈلز نصب ہونگے
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیوٹیفکیشن پروگرام کے تحت سوساں روڈ پر 1.8 کلومیٹر طویل گرین بیلٹ کی تزئین وبحالی کی جارہی ہے جسکے تحت گرین بیلٹ کو جاذب نظر اور پرکشش بنایا جائے گا۔ڈویژنل انتظامیہ کی زیرنگرانی گرین بیلٹ میں کارپٹ گھاس درخت اورپودے لگانے کے ساتھ دلکش ماڈلز بھی نصب ہونگے ۔کمشنر راجہ جہانگیر انور نے سوساں روڈ گرین بیلٹ کا دورہ کیا اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی کی طرف سے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔
کمشنر نے ہارٹیکلچر ورک میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کمیونٹی کے ساتھ کاروباری طبقہ کو بھی گرین بیلٹ کی دیکھ بھال کی ذمہ داریاں تفویض کریں تاکہ شہر کے وسط میں واقعہ گرین بیلٹ کا اچھوتا منظر نمایاں ہو۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کو میونسپل کارپوریشن کی طرف سے وسائل کی فراہمی کے ساتھ معاونت بھی فراہم کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر کے پارکوں کو سہولیات سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ گرین بیلٹس کی بحالی پر بھی بھرپور توجہ مرکوز ہے اور شہریوں کو صاف ستھرا،سرسبز اور دیدہ زیب ماحول فراہم کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔