دنیا پر عالمی جنگ کے خطرات منڈلانے لگے : عبدالرشید حجازی

دنیا پر عالمی جنگ کے خطرات منڈلانے لگے : عبدالرشید حجازی

اسلام دشمن استعماری قوتوں نے پورے مسلم خطے کو جنگ میں دھکیل دیا ہےمسلم حکمران تمام تر اختلافات کو پس پشت ڈال کر متحد ہوکر عالم کفر کا مقابلہ کریں

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث علامہ عبدالرشید حجازی اور خالد محمود اعظم آبادی نے اسرائیل اور امریکہ کی ایران پر کھلی جارحیت اور بد معاشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا پر عالمی جنگ کے خطرات منڈلانے لگے ہیں ۔ اسلام دشمن عالمی استعماری قوتوں اور مسلم دشمن طاقتوں نے پورے مسلم خطے کو جنگ میں دھکیل دیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ایک طرف پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ شروع کروا رکھی ہے تو دوسری طرف امریکہ و اسرائیل نے ایران پر حملہ کر دیا ہے ۔ چاہیے تو یہ تھا کہ مسلم ممالک اور انکے حکمران اکٹھے ہو کر عالم کفر کا مقابلہ کرتے مگر افسوس کہ ایران نے اسرائیلی حملے کے جواب میں مسلم عرب ممالک پر جارحیت شروع کر دی ہے جس سے پوری پوری مسلم دنیا کے دل زخمی ہوئے ہیں ۔

اگر ایران پر اسرائیل و امریکہ کی طرف سے حملہ غلط ہے تو عرب ممالک پر حملے درندگی کی بد ترین مثال ہے ۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث ناصرف اسرائیل و امریکی حملے کی مذمت کرتی ہے بلکہ دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں ، دشمن کے آلہ کار بن کر اپنوں کی سرحدوں کو پامال کرنے ، امت مسلمہ کے جسد کو زخمی کرنے اور مسلم اتحاد و اتفاق کو نقصان پہنچانے ، عرب ممالک پر حملوں کی بھی مذمت کرتی ہے اورسعودی عرب کی خود مختاری، سلامتی وعلاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے سعودی عرب کیساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان اور مکمل تعاون کا یقین دلاتی ہے ۔ عالم کفر ایک ایک کر کے مسلم ممالک کو کمزور کر رہا ہے ۔ ایسے حالات میں دنیا بھر کے مسلمانوں بالخصوص مسلم حکمرانوں کو اپنے تمام تر اختلافات کو پس پشت ڈال کر اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک پلیٹ فارم سے عالم کفر کا مقابلہ کرنا ہوگا ۔ اسی میں ہم سب کی بقاو سلامتی کا راز پوشیدہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں