تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں ناکافی، ٹریفک متاثر، شہریوں کو مشکلات کا سامنا
شام اور صبح کے اوقات میں ٹریفک کی لمبی قطاریں معمول ،تعلیمی اداروں میں چھٹی کے وقت بھی ٹریفک جام رہنے لگی،میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ اداروں کے افسر نذرانے وصول کر نے لگے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)چوک گھنٹہ گھر سے ملحقہ آٹھوں بازاروں اور شہر کی مختلف شاہراہوں پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ اداروں کی کوششیں ناکافی ثابت ہو رہی ہیں۔ شہریوں کے مطابق مختلف سڑکیں اور مارکیٹس تجاوزات کی وجہ سے چند فٹ تک محدود ہو گئی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی اور پیدل راہگیروں کا گزرنا شدید متاثر ہو رہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چوک گھنٹہ گھر، ستیانہ روڈ، جڑانوالہ روڈ، عیدگاہ روڈ، راجباہ روڈ، نڑ والا روڈ، سوساں روڈ، سمن آباد روڈ، سمندری روڈ، ڈی ٹائپ کالونی روڈ، منصور آباد، جھمرہ روڈ، شیخوپورہ روڈ اور دیگر علاقوں میں تجاوزات مافیا نے پختہ اور عارضی دکانیں، ریڑھیاں اور دیگر کاروباری ٹھکانے قائم کر رکھے ہیں۔
شہریوں نے بتایا کہ شام اور صبح کے اوقات میں ٹریفک کی لمبی قطاریں معمول بن چکی ہیں، اور تعلیمی اداروں کی دوپہر چھٹی کے وقت تمام شاہراہیں بری طرح بلاک ہو جاتی ہیں۔شہریوں کا الزام ہے کہ میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ اداروں کے افسران اور ملازمین تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے مبینہ طور پر نذرانے وصول کرتے ہوئے تجاوزات مافیا کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ اس کے باعث مافیا بلا خوف و خطر شہر بھر میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔شہری میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ فوری طور پر تجاوزات کا خاتمہ کر کے ٹریفک کے بہاؤ اور راہگیروں کی سہولت کو یقینی بنایا جائے ۔