کچہری بازار بیوٹیفکیشن منصوبہ بروقت مکمل کیا جائے :ڈپٹی کمشنر
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کچہری بازار فیصل آباد کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن، نیسپاک اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کچہری بازار بیوٹیفکیشن منصوبے کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور جاری ترقیاتی کاموں سے آگاہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے منصوبے کے ڈیزائن، استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار اور فنشنگ ورک کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے مقررہ ٹائم لائن کے اندر تمام ترقیاتی کام مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیوٹیفکیشن منصوبہ شہر کی تاریخی اور تجارتی اہمیت کے مطابق ہونا چاہیے تاکہ کچہری بازار کی روایتی شناخت برقرار رکھتے ہوئے اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ کچہری بازار کی تزئین و آرائش سے نہ صرف شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ شہر کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوگا اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔