ریسکیو 1122 کو فروری میں 12ہزار سے زائد ایمرجنسی کالز
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ریسکیو 1122 فیصل آباد کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس سنٹرل ریسکیو اسٹیشن پر منعقد ہوا جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے کی۔ اجلاس میں ایمرجنسی آفیسر (آپریشنز) غلام شبیر، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسرز اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔
کنٹرول روم انچارج نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ماہِ فروری کے دوران کنٹرول روم کو 12 ہزار 295 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار 690 روڈ ٹریفک حادثات، 8 ہزار 260 میڈیکل ایمرجنسیز، 180 آگ لگنے کے واقعات، 230 کرائم کیسز، 5 ڈوبنے ، 4 عمارت گرنے اور 868 دیگر متفرق ایمرجنسیز پر رسپانس کیا۔آگ لگنے کے واقعات کے دوران فوری کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 17 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی املاک کو نقصان سے بچایا گیا، جبکہ انسانی خدمت کے ساتھ ساتھ 58 کالز پر پرندوں اور مختلف جانوروں کو بھی ریسکیو کیا گیا۔