آلودگی پھیلانیوالے 111 انڈسٹریل یونٹس کی شفٹنگ کا فیصلہ

 آلودگی پھیلانیوالے 111 انڈسٹریل یونٹس کی شفٹنگ کا فیصلہ

بڑی انڈسٹریز کو فیڈمک میں منتقل کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائینگے :کمشنر

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر انڈسٹریزکی شہری حدود سے باہر منتقلی کے عمل کو عملی جامہ پہنانے کیلئے جاری اقدامات کو مزید تیز کردیا گیا ۔پہلے مرحلہ میں آبی وفضائی آلودگی کا موجب بننے والے 111 انڈسٹریل یونٹس کو شفٹ کرایا جائے گا۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور سے صدر چیمبر آف کامرس سمیت کاروباری ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے ملاقات کی۔کمشنر نے انڈسٹریز کی شہری حدود سے باہر منتقلی پرکاروباری ایسوسی ایشن کی طرف سے ابتک کی معاونت کا خیر مقدم کیا اورکہا کہ ایک ایکڑ اور اس سے زائد رقبہ پر محیط انڈسٹری کی منتقلی کیلئے مجموعی طور پر 1090.8 کنال اراضی درکار ہوگی اورکم ازکم 50/50 ایکڑ کے 2 صنعتی یونٹس تجویز کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بڑی انڈسٹریز کو فیڈمک میں منتقل کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائینگے حکومت کو چارٹر آف ڈیمانڈ جلد پیش کیا جائے گا۔نان موو ایبل مشینری کیلئے صنعتکاروں کو سافٹ لون فراہمی بارے سفارش کی جائیگی۔ حکومت پنجاب نے انڈسٹری ری لوکیشن کے سلسلے میں بھرپور معاونت اور صنعتی زونز کی تعمیر ومرمت پرآمادگی کا اظہار کیا ہے ۔علاوہ ازیں ورلڈ بینک کو بھی پاکستان کے پہلے انڈسٹری ری لوکیشن پلان کیلئے معاونت کی درخواست کرینگے ۔کمشنر نے بتایا کہ گزشتہ سموگ سیزن میں ایئر کوالٹی انڈکس سابقہ سال سے 40 دن بہتر رہا جس میں تاجروں وصنعتکاروں کی بھی کاوشیں ہیں۔صدر چیمبر آف کامرس، اپٹیپما، سائزنگ ودیگر ایسوسی ایشنز نے انڈسٹری ری لوکیشن پلان کو عملی جامہ پہنانے میں اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں