احترام رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی جاری
شہر بھر میں کھانے پینے کے سٹالز اور دکانیں دن بھر کھلی رہتی ہیں ،تشہیر اور تصاویر کے لیے افسر صرف رمضان بازاروں تک محدود ، فوری کارروائی کی جائے :سماجی حلقے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) فیصل آباد میں احترام رمضان آرڈیننس کی سرعام خلاف ورزی جاری ہے اور ضلعی انتظامیہ کی مبینہ عدم دلچسپی کے باعث آرڈیننس مؤثر طریقے سے نافذ العمل نہیں ہو سکا۔ شہر بھر میں کھانے پینے کے سٹالز اور دکانیں دن بھر کھلی رہتی ہیں جبکہ انتظامی افسر اب تک اس پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔مختلف فوڈ پوائنٹس اور ہوٹلز روزے کے اوقات میں کھلے رہتے ہیں اور شہریوں کو وہاں بیٹھ کر کھانے کی سہولت دی جاتی ہے ، مگر انتظامیہ احترام رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد نہیں کروا رہی۔ تشہیر اور تصاویر کے لیے افسر صرف رمضان بازاروں کو منتخب کرتے ہیں، جبکہ فوڈ پوائنٹس اور ریسٹورنٹس پر کھانے پینے کی اشیا کی فروخت روکنے میں غیر سنجیدہ رویہ اختیار کیا گیا ہے۔
ماہ رمضان میں آرڈیننس پر عملدرآمد کروانا انتظامی افسران کی سرکاری، اخلاقی اور شرعی ذمہ داری ہے تاکہ رمضان کے تقدس کو برقرار رکھا جا سکے ، تاہم فیصل آباد میں اسے غیر ضروری سمجھ کر نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ افسران صرف وہ اقدامات کرتے ہیں جن پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات ہوں، جبکہ خود بھی اپنا کردار ادا کرنا ضروری ہے ۔سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ احترام رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور روزے کے اوقات میں ہوٹلز اور فوڈ سٹالز کو بند کروایا جائے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ عملدرآمد نہ کروانے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔