ظالم خاندان کیخلاف خواتین کا احتجاج، خودسوزی کی دھمکی
بوگس درخواستوں اور میڈیکو لیگل کے ذریعے بلیک میل کیا جا رہا :بشریٰ غفار
ڈجکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈجکوٹ کے نواحی گاؤں چک نمبر 269 ر ب پڈن میں مظلوم خواتین نے پریس کانفرنس کرتے الزام عائد کیا ہے ایک بااثر خاندان نے علاقے کے رہائشیوں کا جینا محال کر رکھا ہے ۔خاتون بشریٰ غفار نے بتایا کہ مذکورہ خاندان بوگس درخواستوں اور میڈیکو لیگل کے ذریعے شریف شہریوں کو بلیک میل کر رہا ہے ، جبکہ جو کوئی ان کے خلاف آواز بلند کرتا ہے اسے جھوٹے مقدمات میں پھنسا دیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایس پی کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کے احکامات کے باوجود تھانہ ڈجکوٹ کی پولیس ملک خاندان کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی، جس کے باعث پورا گاؤں سراپا احتجاج ہے ۔خواتین نے الزام لگایا کہ انصاف نہ ملنے کی صورت میں وہ اجتماعی خودسوزی پر مجبور ہوں گی۔ مظاہرین نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لے کر انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔