موسلا دھار بارش کئی علاقے ڈوب گئے ، گھنٹوں ٹریفک جام ، شہریوں کو مشکلات
آئی 10سے آئی 9جانیوالی سروس روڈ، نائنتھ ایوینیو، ایف 10اور جناح ایونیو سمیت متعدد شاہراہیں دریا کا منظر پیش کر رہی تھیں گاڑیاں پانی میں پھنسی رہیں ، متعلقہ افسر فیلڈ میں موجود رہے ،نکاسی آب کیلئے موثر اقدامات ،ٹریفک کی روانی یقینی بنائی گئی ،انتظامیہ
اسلام آباد(ماہتاب بشیر)وفاقی دارالحکومت میں سوموار کو موسلا دھار بارش نے مقامی انتظامیہ اور سی ڈی اے کی کارکردگی پر ایک بار پھر سوالیہ نشان لگا دیا۔ شہر کے مختلف سیکٹروں و علاقوں میں شدید بارش کے باعث سڑکیں، راستے اور میٹرو بس کے ٹریکس تک زیرِ آب آگئے ، جس سے شہریوں خاص طور پر موٹر سائیکل سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بارش کا سب سے زیادہ اثر شہر کے اندرونی اور مضافاتی دونوں علاقوں میں دیکھا گیا۔ آئی 10 سے آئی 9 جانے والی سروس روڈ، نائنتھ ایوینیو، ایف 10اور جناح ایونیو سمیت متعدد شاہراہوں پر پانی کھڑا ہوگیا، جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔
اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں سوہان اور اسلام آباد ہائی وے پر بھی پانی بھرنے سے شہریوں کو خاصی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا، متعدد مقامات پر گاڑیاں پانی میں پھنسی رہیں اور شہریں گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہے ۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران تمام افسران فیلڈ میں موجود رہے اور سینیٹیشن عملے نے نکاسی آب کے لیے واٹر پمپس سمیت دیگر آلات کا استعمال کیا۔ ترجمان کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز نشیبی علاقوں اور نالیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے تھے جبکہ ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اس موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب دارالحکومت میں بارش کے بعد بھی انتظامیہ کو نکاسی آب جیسے بنیادی مسئلے سے نمٹنے میں ناکامی کا سامنا ہو۔ عوام کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے اور انتظامیہ کی جانب سے دعووں کے باوجود عملی طور پر سڑکیں پانی سے نجات نہیں پا سکیں، جس سے عام زندگی درہم برہم ہوگئی۔ ادھر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی فیلڈ ٹیموں کو تیز بارش کے دوران ہائی الرٹ کردیا، انہوں نے ہدایت کی ہے اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے کے افسران فیلڈ میں موجود رہ کر سخت مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔ نشیبی علاقوں میں مشینری اور ڈی واٹرنگ پمپس کی موجودگی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔
اسلام آباد میں تیز بارش کے دوران تمام نشیبی علاقوں، انٹرچینجز و انڈر پاسز اور مرکزی شاہراہوں کی کلیئرنس کو یقینی بنایا گیا ۔ادھر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے رات بھر جاری رہنے والی بارش کے بعد نالہ لئی اور شہر کے مختلف نشیبی علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا اور پانی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے نالہ لئی کے مختلف پوائنٹس کا معائنہ کیا جبکہ شہر کے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے انتظامات بھی چیک کیے ۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نالہ لئی کی مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے اور نشیبی علاقوں میں پانی کی فوری نکاسی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔