میٹرک امتحانات میں نقل پر سپرنٹنڈنٹ ،نگران افسر معطل

میٹرک امتحانات میں نقل پر سپرنٹنڈنٹ ،نگران افسر معطل

سی ای او کاذوالفقار اور اکرم کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت مزید محکمانہ انکوائری کا حکم

فیصل آباد(نیوز رپورٹر) میٹرک کے امتحانی مراکز میں نقل کے واقعات سامنے آنے کا سلسلہ نہ تھم سکا ۔گزشتہ روز سمندری میں قائم ایک اور امتحانی مرکز کے سپرنٹنڈنٹ اور نگران افسر کومعطل کر دیا گیا ، اس حوالہ سے چیف ایگزیکٹو افسر ایجوکیشن راؤ عبدالکریم کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔ مراسلہ کے مطابق تعلیمی بورڈ کی جانب سے مرتب کی گئی رپورٹ کے مطابق سی ای او ایجوکیشن نے ایکشن لیا ۔ ذرائع کے مطابق 206 گ ب سمندری میں قائم امتحانی مرکز میں طلبا کی طرف سے نقل اور سینٹر عملہ کی غفلت پر عوامی شکایات سامنے آئیں جس پر تعلیمی بورڈ انتظامیہ نے انکوائری کے بعد رپورٹ مرتب کی۔

جس کے مطابق وہاں تعینات سینٹر سپرنٹنڈنٹ ذوالفقار اور نگران افسر اکرم کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے معطل کر دیا گیا۔ جبکہ سی ای او ایجوکیشن نے دونوں کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت مزید پر محکمانہ انکوائری کا حکم بھی دے دیا ۔ یاد رہے کہ سی ای او کی جانب سے 2 روز قبل بھی کھرڑیانوالہ کے امتحانی مرکز میں ایسی ہی شکایات سامنے آنے پر سینٹر سپرنٹنڈنٹ اور 2 نگران افسروں کو معطل کیا جا چکا ہے ، یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ صوبائی وزیر تعلیم کے دورہ فیصل آباد پر یہاں قائم امتحانی مرکز میں نقل کلچر کے خاتمے کا دعویٰ کیا جا چکا ہے اور اس حوالہ سے سی ای او ایجوکیشن راؤ عبدالکریم کا کہنا ہے کہ وہ امتحانات کے دوران تمام سینٹرزمیں نقل کی روک تھام کیلئے پر عزم ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں