ایم ڈی واساکا بارشی پانی کی نکاسی کیلئے اقدامات کا جائزہ
عملہ نے رات بھر فیلڈ میں رہ کراہم مقامات سے پانی نکال دیا:ثاقب رضا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے بارشی پانی کی فوری نکاسی کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کے ہنگامی دورے کئے اور تیزرفتار نکاسی آب کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں کہا کہ کل رات سے شروع ہونے والی بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے جس سے نکاسی آب کا پہلا مرحلہ صرف 2 گھنٹے میں مکمل کر لیا گی۔ انہوں نے مزید کہا رات سے اب تک ہونیوالی بارش سب سے زیادہ غلام آباد میں 76 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔
اسی طرح علامہ اقبال کالونی میں 68 ملی میٹر جبکہ گلستان کالونی میں 52 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جیل روڈ پر 47، ڈوگر بستی میں 37 اور مدینہ ٹاؤن میں 36 ملی میٹر بارش ہوئی۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ آپریشنز سٹاف رات بھر فیلڈ میں مصروف رہا جبکہ تمام پونڈنگ پوائنٹس پر مشینری موجود تھی جس سے شہر بھر کے تمام مین روڈز اور چوراہوں کو بارشی پانی سے مکمل کلیئر کردیاگیا ، بارشی پانی کی مکمل نکاسی تک آپریشنز سٹاف فیلڈ میں موجود رہے گا۔