پولیس کی غفلت ، منشیات فروش دوبارہ متحرک

 پولیس کی غفلت ، منشیات فروش دوبارہ متحرک

شہر کی گلیوں، محلوں اور اہم مقامات پر کارندوں کے ذریعے چھوٹے پیکٹس کی صورت میں منشیات سپلائی کیے جانے کے انکشافات ، پولیس کے اقدامات غیر موثر

فیصل آباد (عبدالباسط سے )فیصل آباد میں پولیس کی مبینہ غفلت، لاپرواہی اور سست روی کے باعث بااثر منشیات فروش ایک بار پھر متحرک ہونے لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق منشیات فروشی میں ملوث عناصر کھلے عام سرگرم ہو کر نوجوان نسل، خصوصاً طلبہ و طالبات کو نشانہ بنا رہے ہیں، جبکہ اس حوالے سے واقعات میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔اطلاعات کے مطابق شہر کی گلیوں، محلوں اور اہم مقامات پر کارندوں کے ذریعے چھوٹے پیکٹس کی صورت میں منشیات سپلائی کیے جانے کے انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔ منشیات کی روک تھام کے لیے پولیس کے اقدامات مبینہ طور پر غیر مؤثر دکھائی دے رہے ہیں۔

ذرائع یہ بھی دعویٰ کرتے ہیں کہ منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی بجائے بعض پولیس افسران و اہلکار مبینہ طور پر بھاری نذرانے وصول کر کے مقدمات میں تاخیر اور منشیات کی اصل مقدار کم ظاہر کر کے ملزمان کو ریلیف فراہم کرتے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث منشیات فروش قانون کی گرفت سے بچنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل فیصل آباد پولیس نے اعلیٰ حکام کی نگرانی میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد عناصر کو علاقہ چھوڑنے پر مجبور کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں شہر میں کافی حد تک بہتری آئی تھی۔ تاہم، مبینہ طور پر اس مہم میں تسلسل برقرار نہ رہنے کے باعث یہ عناصر دوبارہ سرگرم ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کینال روڈ، سمندری روڈ، نڑوالا روڈ، ستیانہ روڈ اور جڑانوالہ روڈ سمیت مختلف علاقوں اور قبرستانوں کے اطراف نشے کے عادی افراد کے ٹھکانے موجود ہیں، جہاں منشیات فروشوں کے کارندے باقاعدگی سے سپلائی فراہم کرتے ہیں۔مزید برآں، یہ بھی الزام عائد کیا جاتا ہے کہ بعض خفیہ ادارے اس صورتحال سے آگاہ ہونے کے باوجود مبینہ طور پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔شہریوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشی اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کر کے شہریوں کو پُرامن ماحول فراہم کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں