فیسکو میں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف، شہریوں کا احتجاج
میٹر لگانے ، فائل بنوانے کیلئے غیر رسمی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں: شہری
پینسرہ (نمائندہ دنیا )فیسکو کے مختلف سب ڈویژنز بشمول ٹھیکری والا، سدھار، جھنگ روڈ اور نڑوالا میں نئے بجلی کنکشن کے حصول کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آئے ہیں، جس پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ذرائع کے مطابق نارمل میٹر کے لیے ڈیمانڈ نوٹس کی رقم پرانی آبادی میں تقریباً 25 ہزار 330 روپے جبکہ 20 میٹر سے زائد فاصلے پر تقریباً 29 ہزار 330 روپے تک ہے ، جس میں واضح طور پر 20 میٹر تار شامل ہوتی ہے ۔ تاہم متاثرہ صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں صرف 10 میٹر تار فراہم کی جا رہی ہے ، جبکہ باقی تار مبینہ طور پر متعلقہ عملہ ہڑپ کر جاتا ہے ۔شہریوں کے مطابق اضافی تار خود خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ، جس کی قیمت تقریباً 450 روپے فی میٹر وصول کی جاتی ہے ، حالانکہ وہ اس کی ادائیگی پہلے ہی ڈیمانڈ نوٹس میں کر چکے ہوتے ہیں۔ مزید یہ کہ میٹر لگانے ، فائل بنانے اور دفاتر کے چکر کے دوران غیر رسمی اخراجات بھی برداشت کرنا پڑتے ہیں، جس سے عام شہری پر مالی بوجھ بڑھ جاتا ہے ۔متاثرہ افراد نے فیسکو انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے ، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور صارفین کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے ۔