حسین آباد:صفائی و نکاسی آب کا نظام تباہ، شہریوں کا احتجاج

حسین آباد:صفائی و نکاسی آب کا نظام تباہ، شہریوں کا احتجاج

مبینہ غفلت سے گلی محلوں میں نالیاں کچرے اور شاپرز سے بند ہو چکی ہیں

پینسرہ (نمائندہ دنیا )حسین آباد (یونین کونسل نمبر 144، چک 245 عباس پور) میں صفائی اور نکاسی آب کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا ہے ، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فیصل آباد کی مبینہ غفلت کے باعث گلی محلوں میں نالیاں کچرے اور شاپرز سے بند ہو چکی ہیں، جبکہ رنگ روڈ کے ساتھ واقع مرکزی نالا بھی طویل عرصے سے صفائی نہ ہونے کے باعث بند پڑا ہے ۔ اس صورتحال میں گندا پانی گلیوں، گھروں اور مین شاہراہ سے ہوتا ہوا مسجد کے سامنے سے گزر رہا ہے ، جس سے نمازیوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔شہریوں نے الزام عائد کیا کہ بعض افراد نے سرکاری نالے پر تجاوزات قائم کر رکھی ہیں، جس سے صفائی کے عمل میں مزید رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ صرف مین روڈ تک محدود ہے جبکہ اندرونی گلیاں گندگی کا ڈھیر بنی ہوئی ہیں، اور بارہا شکایات کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد، کمشنر فیصل آباد اور وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو وہ احتجاجاً سڑکیں بلاک کرنے پر مجبور ہوں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں