ٹھیکریوالا و گردونواح میں سوئی گیس بحران شدت اختیار کر گیا

ٹھیکریوالا و گردونواح میں سوئی گیس بحران شدت اختیار کر گیا

24 گھنٹوں میں صرف 6 گھنٹے گیس فراہم کی جا رہی ،کھانا پکانے میں دشواری

ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا )سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی مبینہ غفلت کے باعث دھاندرہ، سدھار، ٹھیکریوالا، پینسرہ اور ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے ، جس سے گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق 24 گھنٹوں میں صرف 6 گھنٹے گیس فراہم کی جا رہی ہے جبکہ باقی اوقات میں گیس کی بندش معمول بن چکی ہے ۔ طویل بندش کے باعث خواتین کو کھانا پکانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے جبکہ طلبہ، ملازمین اور مزدوروں کی روزمرہ زندگی بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ متبادل ایندھن جیسے ایل پی جی اور لکڑی کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جو عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گھریلو صارفین کے لیے گیس فراہمی کے دورانیے میں اضافہ کیا جائے اور مقررہ شیڈول کے مطابق بلا تعطل گیس پریشر کو یقینی بنایا جائے ۔علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر گیس بحران پر فوری قابو نہ پایا گیا تو مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا اور حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں