تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلی کو یقینی بنایا جائیگا:ڈاکٹر نوید عاطف
ڈی پی او آ فس میں کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کیلئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں آئی جی پنجاب کے احکامات پر پولیس اہلکاروں کے مثبت رویوں کو یقینی بنانے کے لیے ڈی پی او دفتر چنیوٹ میں ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ورکشاپ میں سینئر پولیس افسران، مذہبی علماء، ڈاکٹرز، تفتیشی افسران اور پولیس جوانوں نے شرکت کی۔ مقررین نے شہریوں کے ساتھ حسن سلوک اور بہتر رویوں کے حوالے سے حکومتی ہدایات سے آگاہ کیا اور پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ تھانوں اور دفاتر میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تربیتی کورسز کا سلسلہ مرحلہ وار جاری رکھا جائے گا تاکہ پولیسنگ کو مزید عوام دوست بنایا جا سکے ۔ورکشاپ کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانا اور کمیونٹی پولیسنگ کے تصور کو فروغ دینا ہے ۔