ٹو بہ :ریونیو اہداف کے حصول کیلئے اقدامات تیز کرنیکی ہدایت
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وقار اکبر چیمہ کی زیر صدارت اجلاس میں بریفنگ
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وقار اکبر چیمہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ریونیو امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ریونیو ریکوری، فردات، انتقالات اور زیر التوا کیسز پر بریفنگ دی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ریونیو اہداف کے حصول کے لیے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ فردات اور انتقالات کے اجرا میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔وقار اکبر چیمہ نے سرکاری اراضی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ناجائز قبضوں کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ انہوں نے قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عملدرآمد کا حکم دیا۔اجلاس میں ریونیو افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ فیلڈ میں متحرک رہتے ہوئے عوامی مسائل کو فوری حل کریں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام کو شفاف اور بروقت سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح قرار دیا گیا۔