جڑانوالہ میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام تیز کر دیا گیا
شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے :رنگزیب
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)اسسٹنٹ کمشنر کی ہدایت پر شہر بھر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے ۔مین اسلام پورہ روڈ پر زیر زمین سیور لائن بچھانے کے بعد سڑک کی بحالی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ، جہاں پہلے مرحلے میں پتھر ڈالنے اور کمپیکشن کا کام جاری ہے۔ حکام کے مطابق کمپیکشن مکمل ہوتے ہی روڈ کارپٹنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس کے بعد سٹیڈیم روڈ، ہاؤسنگ کالونی روڈ، فیصل آباد روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں کی تعمیر و مرمت بھی جلد مکمل کی جائے گی تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں گے ۔