جماعت اسلامی کی 25 اپریل سے 15 مئی تک رابطہ عوام مہم
کرپشن سے پاک پاکستان ہی ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتا ہے :محبوب الزماں
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی نے 25 اپریل سے 15 مئی تک رابطہ عوام مہم چلانے کا اعلان کر دیا، جس کے تحت کارکنان گھر گھر جا کر عوام تک جماعت کا پیغام پہنچائیں گے ۔ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے زونل امرا و سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 78 سالوں سے ملک پر قابض کرپٹ حکمرانوں، اشرافیہ، جرنیلوں اور بیوروکریسی نے عوام کو ظلم، ناانصافی، جعلی انتخابات اور طبقاتی نظام کے بوجھ تلے دبا رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ایک بڑی عوامی تحریک کا آغاز کر رہی ہے ، اور کرپشن سے پاک پاکستان ہی ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتا ہے ۔پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ فرسودہ طبقاتی نظام کو تبدیل کیا جائے ۔ جماعت اسلامی ایک دیانتدار اور حقیقی جمہوری قیادت کی حامل جماعت ہے جو شفاف سیاست، منصفانہ نظام، یکساں نصاب اور ایک زبان پر مبنی پاکستان کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو آزادی، خودمختاری اور عزت و وقار کے تحفظ کے لیے ناکارہ اور آزمودہ قیادت سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔