پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی بڑھنے کا خدشہ
عام آدمی شدید ذہنی دباؤ کا شکار ،حکومت عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے :شہری
سمندری (نمائندہ دنیا) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر سمندری کے عوام نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا جو غریب عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھیننے کے مترادف ہے ۔عوام کے مطابق پہلے ہی مہنگائی کے باعث زندگی اجیرن ہو چکی ہے اور روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے ۔ شہریوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث عام آدمی شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہے۔عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو مزید مشکلات میں دھکیلنے کے بجائے فوری ریلیف دیا جائے اور پیٹرولیم مصنوعات میں کیا گیا حالیہ اضافہ واپس لیا جائے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔