بھوآنہ: اسلام پورہ سیوریج کے پانی میں ڈوب گیا، شہری پریشان

بھوآنہ: اسلام پورہ سیوریج کے پانی میں ڈوب گیا، شہری پریشان

گندا پانی گھروں میں داخل ہونا شروع ہو چکا ،گھریلو سامان تباہ ہو رہا ہے

بھوآنہ (نمائندہ دنیا )بھوآنہ کا گنجان آباد علاقہ محلہ اسلام پورہ (پنجیتھری محلہ) گزشتہ کئی روز سے سیوریج کے گندے پانی میں ڈوبا ہوا ہے ، جس کے باعث گلیاں، راستے اور کوچے ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ بدبو دار پانی نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ، جس سے شہری شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق گندا پانی اب گھروں میں داخل ہونا شروع ہو چکا ہے ، جس سے گھریلو سامان تباہ ہو رہا ہے جبکہ متعدد مکانات کی بنیادیں کمزور پڑنے کے باعث کسی بھی بڑے حادثے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری نکاسی نہ کی گئی تو صورتحال سنگین صورت اختیار کر سکتی ہے ۔گھروں سے باہر نکلنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔

نمازیوں کو مساجد تک پہنچنے ، طلبہ کو اسکول جانے، خواتین کو روزمرہ امور سرانجام دینے اور بزرگ شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ ہر طرف بدبو دار پانی کے باعث معمولات زندگی مکمل طور پر متاثر ہو چکے ہیں۔کھڑے پانی کے باعث مچھروں کی افزائش میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے ، جس سے ڈینگی، ملیریا اور دیگر موذی امراض کے پھیلنے کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ انتظامیہ کو شکایات درج کروائی گئیں، تاہم کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ اس صورتحال پر خواتین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جبکہ عوام بیماریوں اور بدبو دار پانی کے رحم و کرم پر ہیں۔اہلیانِ محلہ نے ڈپٹی کمشنر چنیوٹ، اسسٹنٹ کمشنر بھوآنہ، میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے ، سیوریج لائن کی صفائی اور جمع شدہ پانی کی نکاسی کا ہنگامی بنیادوں پر مطالبہ کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں