گندم باقیات جلانے کا رجحان تشویشناک،فضائی آلودگی بڑھ گئی

گندم باقیات جلانے کا رجحان تشویشناک،فضائی آلودگی بڑھ گئی

زمیندار اور کسا ن ذمہ داری کا مظاہرہ کریں،ماحول دوست طریقے اپنائیں:اپیل

چناب نگر (نامہ نگار )چناب نگر اور گردونواح میں گندم کی کٹائی کا عمل زور و شور سے جاری ہے ، تاہم فصل کی باقیات کو آگ لگانے کا رجحان تشویشناک صورت اختیار کرتا جا رہا ہے ۔ماہرین کے مطابق فصلوں کی باقیات جلانے سے نہ صرف قیمتی زرعی زمین کی زرخیزی متاثر ہوتی ہے بلکہ فضائی آلودگی میں بھی خطرناک حد تک اضافہ ہو جاتا ہے ، جو انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے ۔حکومت پنجاب کی جانب سے بھی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کسان حضرات فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے اجتناب کریں، کیونکہ اس عمل سے ماحول آلودہ ہونے کے ساتھ ساتھ سموگ میں اضافہ اور سانس کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔سیاسی و سماجی حلقوں نے اس حوالے سے آگاہی مہم شروع کرتے ہوئے زمینداروں اور کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ماحول دوست طریقے اپنائیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے متبادل طریقے موجود ہیں، جنہیں اپنا کر نہ صرف ماحول کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے بلکہ زمین کی پیداوار میں بھی بہتری لائی جا سکتی ہے ۔شہریوں اور کسان برادری سے مشترکہ طور پر مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ قدرتی ماحول کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور گندم کی باقیات جلانے جیسی نقصان دہ سرگرمیوں سے مکمل گریز کریں، تاکہ آنے والی نسلوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں