ڈی سی ٹوبہ ٹیک سنگھ کا گوجرہ میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ
تمام منصوبے اعلیٰ معیار کے ساتھ جلد مکمل کیے جائیں :عمر عباس میلہ
گوجرہ ( نما ئندہ دُنیا)ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ نے اتوار کی چھٹی کے باوجود گوجرہ کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف جاری سکیموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ریاض گجر اور چیف آفیسر یاسر شاہ نے انہیں منصوبوں پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے علی اصغر پارک کی بحالی، جدید باسکٹ بال گراؤنڈ، نئی سیوریج لائن، سلاٹر ہاؤس گوجرہ، سبزی منڈی گوجرہ، نئے رکشہ اسٹینڈ، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور زیر تعمیر سہولت بازار کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے اعلیٰ معیار کے ساتھ جلد مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر نکاسی آب، صاف ستھرا ماحول، سفری سہولت اور سستی اشیائے ضروریہ میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا تحصیل گوجرہ کو جدید، خوبصورت اور معیاری شہری سہولیات سے آراستہ مثالی شہر بنایا جائے گا ۔