نبی کریم ؐ کی سیرت پر عمل سے دنیا و آخرت سنواریں : علما
مفتی باغ علی رضوی، پیر ارشد رضوی ودیگرکامحفلِ میلادِ مصطفیؐ سے خطابملکی سلامتی، استحکام اور عالمِ اسلام کے اتحاد کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)تحریک اہلسنت پاکستان کے زیرِ اہتمام سر سید ٹاؤن میں نامور دینی سکالر خطیب اہلسنت و ایم اے اسلامیات و عربی و ایم فل اسلامک سٹڈیز طاہر رضا رضوی کی رہائش گاہ پر روحانی اور پُرنور محفلِ میلادِ مصطفیٰ ؐ کا انعقاد ۔ عاشقانِ رسول ؐ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مفتی باغ علی رضوی، علامہ پیر ارشد رضوی، پیر غلام سرور ساقی، صاحبزادہ حسن رضا، سعید اقبال اور الیاس نقشبندی نے نبی کریم ؐ کی سیرتِ طیبہ، ولادتِ باسعادت کی برکات اورتعلیمات پر روشنی ڈالتے کہا آپ ؐکی حیاتِ مبارکہ انسانیت کیلئے مکمل ضابطۂ حیات ہے ،ہمیں کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر اپنی دنیا و آخرت سنوارنی چاہیے ۔ امتِ مسلمہ کو اتحاد، محبت اور اخوت کی اشد ضرورت ہے اور میلادِ مصطفیٰ ؐکی محافل ہمیں یہی درس دیتی ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات سے روشناس کرانے پر بھی زور دیا۔محفل میں شرکا نے درود و سلام اور نعتِ رسول ؐپیش کر کے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ ملکی سلامتی، استحکام اور عالمِ اسلام کے اتحاد کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔