ٹو بہ :عیدالاضحی و ممکنہ سیلابی صورتحال، انتظامات کا جائزہ
مون سون سے قبل ڈرینز، نالوں اور سیوریج لائنز کی صفائی یقینی بنانیکی ہدایت
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اخلاق اللہ تارڑ کی زیر صدارت عیدالاضحی کے انتظامات، ممکنہ سیلابی صورتحال اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں دریائے راوی میں ممکنہ سیلاب اور مون سون کے دوران اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے پیشگی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسروں نے حساس علاقوں کی نشاندہی، ریسکیو اینڈ ریلیف پلان، حفاظتی اقدامات اور ادارہ جاتی تیاریوں پر بریفنگ دی۔اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ مون سون بارشوں سے قبل ڈرینز، نالوں اور سیوریج لائنز کی مکمل صفائی یقینی بنائی جائے جبکہ ڈی واٹرنگ سیٹس اور ہیوی مشینری کو فعال حالت میں رکھا جائے ۔عیدکے انتظامات کے حوالے سے صفائی ستھرائی، آلائشوں کی بروقت تلفی، مویشی منڈیوں کی مانیٹرنگ، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور قربانی کے مقامات پر شہری سہولیات کی فراہمی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ شہریوں کو صاف ماحول، بہترین صفائی اور ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام متعلقہ محکمے پیشگی تیاریاں مکمل کریں اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔