پولیس افسران اور اہل خانہ کیلئے مفت طبی سہولیات کا معاہدہ
شہدا اور دورانِ سروس وفات پانے والوں کی فیملیز بھی مفت علاج کرواسکیں گی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ریجنل پولیس فیصل آباد اور ایک نجی ٹیچنگ ہسپتال کے درمیان پولیس افسران اور ان کے اہل خانہ کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے ۔معاہدے کے تحت تمام پولیس افسران، جن میں غازی، حاضر سروس اور ریٹائرڈ اہلکار شامل ہیں، جبکہ ان کی فیملیز کو بھی مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ معاہدے کے مطابق شہدا اور دورانِ سروس وفات پانے والے پولیس افسران کی فیملیز بھی مفت علاج کی سہولت سے مستفید ہوں گی۔اس موقع پر سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ پولیس فورس کے افسران اور اہلکار دن رات عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے خدمات انجام دیتے ہیں، اس لیے ان اور ان کے اہل خانہ کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا محکمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ فورس کی فلاح و بہبود پر بھی خصوصی توجہ دے رہا ہے ، کیونکہ صحت مند پولیس فورس ہی بہتر اور مؤثر پولیسنگ کی ضمانت ہے ۔آر پی او نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور ویلفیئر کے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔