غیر منظور شدہ مویشی منڈیوں میں خرید و فروخت پر پابندی
سیل پوائنٹس پر پارکنگ فیس کی اوورچارجنگ برداشت نہیں کی جائے گی:کمشنر
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر مسرت جبیں کی زیر صدارت عیدالاضحیٰ کے انتظامی اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سہیل اختر سکھیرا، کیپٹن (ر) ندیم ناصر، سی پی او، دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔کمشنر فیصل آباد نے چاروں اضلاع میں عیدالاضحیٰ پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت صرف نوٹیفائیڈ عارضی سیل پوائنٹس پر ہی کی جا سکے گی، جبکہ غیر منظور شدہ مقامات پر خرید و فروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے ہدایت کی کہ سیل پوائنٹس پر پارکنگ فیس کی اوورچارجنگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ جانوروں کی خرید و فروخت میں بھی زائد نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ کسی قسم کی خلاف ورزی نہ ہو۔مسرت جبیں نے واضح کیا کہ عیدالاضحیٰ صفائی پلان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور صفائی کے لیے پلان بی بھی تیار رکھا جائے ۔ انہوں نے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مناسب انداز میں ٹھکانے لگانے کے لیے خندقیں تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔