جی سی یو میں پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ تقریب

 جی سی یو میں پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ تقریب

تقریب کا آغاز پاک چین دوستی پر طالبات کی تیار کردہ پوسٹر نمائش سے ہوا

فیصل آباد (نیوز رپورٹر)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں مہمانِ خصوصی فاروق یوسف شیخ جبکہ کنفیوشس انسٹیٹیوٹ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی ٹیم نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کی منتظمِ اعلیٰ وائس چانسلر کنول امین تھیں۔تقریب کا آغاز پاک چین دوستی پر طالبات کی تیار کردہ پوسٹر نمائش سے ہوا جس کا افتتاح فاروق یوسف شیخ اور ڈاکٹر کنول امین نے کیا۔اپنے خطاب میں فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ پاک چین دوستی اعتماد، قربانی اور مشترکہ ترقی کی روشن مثال ہے ۔ انہوں نے سی پیک کو دونوں ممالک کے معاشی مستقبل کے لیے اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔وائس چانسلر کنول امین نے کہا کہ پاک چین تعلقات گزشتہ 75 برسوں میں ایک مثالی دوستی میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو تعلیم، تحقیق اور قومی یکجہتی کے ذریعے ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیا۔تقریب میں ڈاکومنٹریز، ثقافتی پرفارمنسز، پوسٹر نمائش اور کیک کٹنگ کی گئی جبکہ پاکستان اور چین کے قومی ترانے بھی بجائے گئے ۔ آخر میں شرکاء نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں