ماموں کانجن:بستی حمیدہ آباد میں بجلی کا بحران، ٹرانسفارمر خراب
لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ،احتجاج،ٹرانسفارمرکی فوری تبدیلی کامطالبہ
ماموں کانجن (نمائندہ دنیا) ماموں کانجن کے علاقہ بستی حمیدہ آباد میں بجلی کا ٹرانسفارمر جل جانے کے باعث سینکڑوں مکین شدید گرمی میں مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔اہل علاقہ کے مطابق بجلی بند ہونے سے بچوں اور خواتین سمیت لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں جس پر شہریوں نے شدید احتجاج بھی کیا ہے ۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات بھی یہی ٹرانسفارمر خراب ہوا تھا جسے مرمت کے بعد عارضی طور پر بحال کیا گیا، تاہم وہ دوبارہ خراب ہو گیا۔فیسکو حکام کے مطابق ٹرانسفارمر مکمل طور پر جل چکا ہے جس کی فوری تبدیلی ممکن نہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ سب ڈویژن کے پاس اس وقت کوئی سپیئر ٹرانسفارمر موجود نہیں، جس کے باعث بجلی کی بحالی میں مزید تاخیر ہو سکتی ہے اور ممکن ہے کہ کل بھی سپلائی بحال نہ ہو سکے ۔