گوجرہ میں مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
روزمرہ اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے ہر طبقہ متاثر ہے: مقررین
گوجرہ (نمائندہ دنیا )چوک ملکانوالہ گوجرہ میں مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری اظہر اقبال حسن نے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ حکمران عوام کے ٹیکسوں پر عیاشیوں میں مصروف ہیں۔اس موقع پر نائب امیر پنجاب رانا عبدالوحید خاں، ضلعی امیر ڈاکٹر عطاء اللہ حمید، حیدر علی چوہدری اور محمود عزمی نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ موجودہ حالات میں بجلی، گیس اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
جس سے ہر طبقہ متاثر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں کرپشن بڑھ چکی ہے اور عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پیرا فورس کی کارروائیوں سے غریب ریڑھی والوں کو بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔مقررین نے کہا کہ موجودہ نظام کمزور ہو چکا ہے اور تبدیلی کیلئے عوام کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کا ساتھ دیں تاکہ ملک میں بہتر نظام لایا جا سکے ۔