سیوریج مسائل ،ساڑھے 12 ارب کے منصوبوں پر کام جاری
پہلے مرحلے میں 30 جون تک اہم مقامات پر نکاسی آب کا مسئلہ حل کیا جائیگا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق شہریوں کو بہتر سیوریج سہولیات کی فراہمی کیلئے واسا فیصل آباد کے زیر اہتمام ساڑھے 12ارب روپے سے پنجاب ترقیاتی پروگرام پر عمل جاری ہے ۔حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں 30 جون تک اہم مقامات پر نکاسی آب کے مسائل حل کیے جائینگے جبکہ سیوریج اور نکاسی آب لائنوں کی صفائی کا کام 15 جون تک مکمل کر لیا جائیگا۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے واسا ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور پنجاب ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر بریفنگ لی۔
اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ترقیاتی منصوبوں، بیرونی فنڈ سے جاری سکیموں اور صفائی مہم کے بارے میں آگاہ کیا۔کمشنر نے ہدایت کی کہ جہاں ترقیاتی کام مکمل ہو وہاں سڑکوں کی بحالی فوری طور پر کی جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے واسا کو جاری ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کارپوریشن اور واسا کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے۔