حج کے مثالی انتظامات پر سعودی قیادت کو خراجِ تحسین
بہترین سہولیات سعودی حکومتِ کی غیرمعمولی صلاحیتوں کا مظہر :عبدالرشید
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ناظمِ اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی، سرپرستِ اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث اسلام آباد حافظ مقصود احمد اور خالد محمود اعظم آبادی نے حج 2026ء کے دوران حجاج کرام کے لیے مثالی انتظامات پر سعودی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں حجاج کرام کے لیے بہترین رہائش، سفری سہولیات، سکیورٹی اور انتظامی حکمتِ عملی حکومتِ سعودی عرب کی غیرمعمولی صلاحیتوں کا مظہر ہے ۔ حرمین شریفین اور مقدس مقامات کی تزئین و آرائش، جدید سہولیات کی فراہمی اور حجاج کی خدمت کے جذبے نے امتِ مسلمہ کے دل جیت لیے ہیں۔علامہ عبدالرشید حجازی نے کہا کہ ایک ہی وقت میں لاکھوں افراد کے لیے اس قدر منظم اور شاندار انتظامات کی مثال دنیا میں کم ہی ملتی ہے ۔ سعودی قیادت ہر سال حج انتظامات میں جدت اور بہتری لا کر حجاج کرام کی سہولت کو یقینی بناتی ہے ، جو قابلِ ستائش اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت، قیادت اور عوام حجاج کرام کی خدمت کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں، جبکہ جدید سفری اور رہنمائی کے نظام نے عازمینِ حج کے لیے سفر کو مزید آسان بنا دیا ہے ۔