ریونیو لاگ اِن سسٹم بند ہونے سے سائلین شدید پریشان

ریونیو لاگ اِن سسٹم بند ہونے سے سائلین شدید پریشان

انجمن پٹواریان کی 28 روزہ ہڑتال کے باعث رجسٹری وغیرہ کا کام مکمل طور پر بند رہا

بھوآنہ (نمائندہ دنیا )ریونیو لاگ اِن سسٹم بند ہونے کے باعث رجسٹری سمیت دیگر امور میں سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، جس پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔تفصیلات کے مطابق انجمن پٹواریان کی 28 روزہ ہڑتال کے باعث رجسٹری وغیرہ کا تمام کام مکمل طور پر بند رہا۔ اس دوران مشتری و بائع گرمی اور حبس کے موسم میں سخت مشکلات کا شکار رہے ۔ہڑتال ختم ہونے کے بعد بھی سائلین کی مشکلات کم نہ ہو سکیں، بلکہ اس وقت مزید اضافہ دیکھنے میں آیا جب ریونیو دفاتر میں موجود عملے نے بتایا کہ تمام تحصیلدار ڈی سی چنیوٹ کے آفس میں میٹنگ میں ہیں اور لاگ اِن سسٹم بند ہے ۔ عملے کے مطابق جیسے ہی لاگ اِن کھلے گا، کام دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق بعض ریونیو معاملات میں ریکوری وصولی کے حوالے سے لاگ اِن سسٹم کو دانستہ طور پر بند رکھنے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں، تاہم اس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔سائلین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں دفاتر کے چکر لگانے کے باوجود ان کے کام نہیں ہو رہے جس سے مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ عوامی حلقوں نے کمشنر فیصل آباد اور ڈی سی چنیوٹ سے اپیل کی ہے کہ ریونیو دفاتر کے معمولات فوری طور پر بحال کیے جائیں تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہو سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں