ڈی سی آفس میں محرم کنٹرول روم فعال، جلوس مانیٹرنگ شروع
ڈپٹی کمشنر کا دورہ، ڈیوٹی میں غفلت نہ برتنے اور فوری معلومات کے تبادلے کی ہدایت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) حکومت پنجاب کی ہدایات پر عشرہ محرم الحرام کے جلوسوں کی سائنٹیفک طریقوں سے مانیٹرنگ کے لیے ڈی سی آفس میں محرم کنٹرول روم مکمل فعال ہوگیا ہے ، جہاں تمام متعلقہ محکموں کے سٹاف کی شفٹوں میں ڈیوٹی لگا دی گئی ہے ۔محرم کنٹرول روم یوم عاشور کی رات تک 24/7 فعال رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کنٹرول روم کا دورہ کیا اور سٹاف کی ڈیوٹی پر موجودگی چیک کی۔انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹرول روم کی ڈیوٹی انتہائی ذمہ داری کی متقاضی ہے ، لہٰذا معلومات کے تبادلے میں ایک لمحے کی تاخیر بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے چوکس انداز میں ڈیوٹی سرانجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ہر زاویے سے مانیٹرنگ کی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انتظامات کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کو بھی مدنظر رکھا جائے تاکہ سامنے آنے والی معمولی کمی کو بھی فوری طور پر دور کیا جا سکے ۔ انہوں نے کنٹرول روم میں مانیٹرنگ سسٹم اور مجموعی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مدثر ممتاز اور ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں گے اور تمام متعلقہ محکموں کو مکمل رابطہ اور کوآرڈینیشن برقرار رکھنے کی تاکید کی گئی۔