محرم سچ کا علم بلند رکھنے کا درس دیتاہے:اشرف قادری
تمام مکاتبِ فکر کے افراد ملکی استحکام اور امن کے قیام کیلئے کردار ادا کریں
شورکوٹ(نمائندہ دنیا)ناظم تحریک منہاج القرآن ضلع جھنگ چوہدری اشرف قادری نے کہا ہے کہ ماہِ ذی الحجّہ اور ماہِ محرم ایثار، وفا، صبر، استقامت اور حق پر ثابت قدمی کا عظیم درس دیتے ہیں حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال قربانی اور حضرت امام حسینؓ کی لازوال جدوجہد قیامت تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی ۔ان مقدس ایام میں ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنے کردار، اخلاق، عبادات اور معاشرتی ذمہ داریوں کا جائزہ لینا چاہیے محرم ہمیں ظلم، ناانصافی اور باطل قوتوں کے خلاف حق و صداقت کا علم بلند رکھنے کا پیغام دیتا ہے جبکہ ذی الحجّہ اﷲ کی رضا کے لیے ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کا درس دیتا ہے ۔اشرف قادری نے عوام ا سے اپیل کی کہ محرم کے دوران امن و امان، بھائی چارے ، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دیں ۔ علما کرام، تاجر برادری، نوجوان اور تمام مکاتبِ فکر کے افراد ملکی استحکام اور معاشرتی امن کے قیام میں اپنا مثبت کردار ادا کریں تاکہ محرم کے اجتماعات اور جلوس پرامن ماحول میں ہو سکیں ۔ہمیں شہدائے کربلا کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بناتے ہوئے محبت، اخوت، برداشت اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا چاہیے ۔