حکومت فوری فصلوں کے امدادی نرخ مقرر کرے :سردار ظفر
زرعی مداخل سستی کرکے کسانوں کے بقایا جات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)کسان بورڈ کے مرکزی صدر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے مرکز جماعت اسلامی برہان مسجد میں پریس کانفرنس کرتے کہا ہے کہ موجودہ حکومتی زرعی پالیسیوں سے کسان شدید معاشی بحران کا شکار ہیں، گندم، مکئی اور دیگر فصلوں کے مناسب نرخ نہ ملنے سے کاشتکاروں کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے ، جبکہ کھاد، بیج، زرعی ادویات اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے پیداواری لاگت میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کے واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے جس کے باعث کاشتکار قرضوں کے بوجھ تلے دب رہے ہیں، کسان ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں لیکن انہیں ان کی محنت کا مناسب معاوضہ نہیں مل رہا،سردار ظفر حسین خان نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر فصلوں کے امدادی نرخ مقرر کرے ، زرعی مداخل سستی کرے اور کسانوں کے بقایا جات کی ادائیگی یقینی بنائے تاکہ زرعی شعبے کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے ،پریس کانفرنس میں کسان بورڈ کے ضلعی صدر عبدالحق بھٹی، میاں وکیل اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔مقررین نے کہا کہ اگر کسانوں کے مسائل حل نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک کا دائرہ وسیع کیا جائے گا، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسان دوست پالیسیاں مرتب کر کے زرعی شعبے کو درپیش بحران کا فوری خاتمہ کیا جائے ۔