مؤثر کارروائیوں سے جرائم 70 فیصد کم ہوگئے :سی پی او
موٹرسائیکل ، گاڑیوں کی چوری، سٹریٹ کرائمز بھی واضح کم:صنعتکاروں سے خطاب
فیصل آباد ( نیوز رپورٹر )شہر میں منظم جرائم پیشہ گروہوں کیخلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مؤثر کارروائیوں سے امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق اغوا برائے تاوان، ڈکیتی اور اسلحہ کے زور پر لوٹ مار جیسے سنگین جرائم میں 70 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے جو حوصلہ افزا پیشرفت ہے ۔یہ بات سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے کہی۔ صدر شیخ فاروق یوسف کے ہمراہ چیمبر عہدیداروں نے سی پی اوکا استقبال کیا ۔سی پی او نے کہا موٹرسائیکل اور گاڑیوں کی چوری، سنیچنگ اور دیگر سٹریٹ کرائمز میں بھی واضح کمی ہوئی ہے ۔انہوں نے آئس نشہ کے بڑھتے استعمال کو بڑا چیلنج قرار دیا اورکہا یہ خطرناک نشہ نوجوانوں کو متاثر کرنے کے ساتھ جرائم میں اضافے کا سبب بھی بنتا ہے ۔ پولیس اور متعلقہ ادارے اسکی سپلائی چین کے خاتمے کیلئے بھرپور کام کررہے ۔ اگر ہم پولیس یا سیف سٹی سسٹم پرہی انحصار کرنے کی بجائے گھروں، دفاتر اور فیکٹریوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں تو اس سے سکیورٹی کا دائرہ کامربوط نگرانی کا نظام قائم ہو جائیگا جس سے جرائم کی روک تھام میں نمایاں مدد ملے گی۔ موٹر سائیکلزمیں ٹریکنگ سسٹم یا جدید سکیورٹی آلات کی تنصیب بھی ضروری ہے تاکہ چوری اور چھیناجھپٹی کے واقعات میں کمی لائی جا سکے ۔ فاروق یوسف شیخ نے سی پی او کا شکریہ ادا کرتے کہا کہ آپ نے پہلی ہی میٹنگ میں سینئر پولیس افسر کو فوکل پرسن نامزد کیا تاکہ کاروباری برادری کے مسائل کو فوری حل کیا جا سکے ۔ سوال و جواب کی نشست میں سابق صدر چوہدری نواز، وحید خالق رامے ، عمر فاروق کاہلوں، اکرم خاں اور علی نارو نے حصہ لیا۔