تذکرہ کربلا نئی نسل کو اسلام کیلئے قربانی سکھاتا :آفتاب بخاری
امام حسینؓ اور آپکے رفقاء کی قربانی نے یزیدیت کوقیامت تک کیلئے بے نقاب کردیا
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)پاکستان فلاح پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری نے نئے اسلامی سال کے آغاز پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ماہ محرم خاندان نبوت صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے صبر واستقامت وعزیمت وجرات اور رب العالمین کے نظام میں ردوبدل کرنے والے ظالم حکمرانوں کیخلاف قربانی دینے والوں کو اور ظالم کے نظام ظلم کو ہمیشہ کیلئے واضح کرگیا۔حضرت امام حسینؓ اور آپکے رفقاء کی قربانی نے یزید اوریزیدیت کو قیامت تک کیلئے بے نقاب کردیا۔ امام حسین ؓکا ذکر خیر قیامت تک کیلئے یزیدیت کا تعاقب جاری رکھے گا۔ ماہ محرم میں تذکرہ کربلا نئی نسل کو اسلام کیلئے قربانی سکھاتا ہے ۔ ظالم وجابر فاسق وفاجرباطل نظام کے خلاف خاندان رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے صبر واستقامت و عزیمت کی وہ مثال پیش کی جسے رہتی دنیا تک کوئی دہرانہیں سکتا۔ اہل بیت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ذکر کرنا اور اسے عام کرنا انسان کی خوش نصیبی اور وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس ذکر خیر سے نئی نسل کو روشناس کروانا ضروری ہے ۔