صنعتوں کو ماحول دوست طریقہ کار اپنانا ہوگا :فاروق شیخ

صنعتوں کو ماحول دوست طریقہ کار اپنانا ہوگا :فاروق شیخ

مقامی صنعتوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرناضروری:سیمینار سے خطاب

فیصل آباد ( نیوز رپورٹر )فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ عالمی تجارت کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے پیشِ نظر پاکستانی صنعتوں کو ماحول دوست اور پائیدار کاروباری طریقہ کار اپنانا ہوگا تاکہ بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی مسابقت برقرار رکھی جا سکے ۔وہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے کاربن بارڈر ایڈجسٹمنٹ میکانزم کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کاربن بارڈر ایڈجسٹمنٹ میکانزم کے نفاذ میں پاکستانی برآمدی صنعتوں کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے ۔ ماحول دوست پیداواری نظام عالمی تجارت کی ناگزیر ضرورت بنتا جا رہا ہے ۔ فیصل آباد کی ٹیکسٹائل صنعت پہلے ہی ری سائیکلنگ اور پائیدار پیداوار کے مختلف اقدامات پر کام کر رہی ہے ۔ مقامی صنعتوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ری سائیکلنگ کے شعبے کو مزید منظم بنانے کی ضرورت ہے ۔ڈی جی انجینئرنگ اینڈ منرل ڈویژن ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی خالد رسول نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی صنعتیں قابلِ تجدید توانائی، توانائی کی بچت، کاربن فٹ پرنٹ کی پیمائش اور عالمی ماحولیاتی معیارات کی پابندی پر فوری توجہ دیں تاکہ یورپی اور برطانوی منڈیوں میں مسابقت اور رسائی برقرار رکھ سکیں۔اس موقع پرنائب صدر انجینئر عاصم منیر سینئر نائب صدر فیصل آباد چیمبر نوید اکرم شیخ، ڈائریکٹر ٹی ڈیپ فیصل آباد راؤ فضل الرحمن، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹی ڈیپ لاہور عمر باجوہ، حافظ کامران ڈپٹی ڈائریکٹر ٹی ڈیپ، جبار توقیر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹی ڈیپ فیصل آباد اور نادیہ فاروقی ڈپٹی ڈائریکٹر ٹی ڈیپ لاہور بھی موجود تھیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں