واسا کی غفلت، شہر کے کئی رہائشی علاقوں میں سیوریج کا پانی جمع تالاب بننے سے مشکلات
بابو والا، نعمت کالونی، انصاف روڈ، علامہ اقبال کالونی، ملت کالونی، شالیمار کالونی، وارث پورہ، نوابانوالہ، مظفر کالونی، غازی آباد، جمیل آباد، سہیل آباد ودیگر علاقوں میں سیوریج سسٹم تباہ ،متاثرین کی شکایات نظرانداز
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)واسا کی غفلت اور لاپرواہی سے شہر کے کئی رہائشی علاقوں اور گلی محلوں میں سیوریج کاپانی جمع رہنے پرگندے پانی کے تالاب بن گئے جن سے مکھیوں اور مچھروں کی افزائش بڑھ گئی۔ اہل علاقہ موذی بیماریوں کا شکار بننے لگے ۔ جھنگ روڈ سے ملحقہ محلہ بابو والا، نعمت کالونی، انصاف روڈ، سمندری روڈ سے ملحقہ علامہ اقبال کالونی، ملت کالونی، شالیمار کالونی، وارث پورہ، نوابانوالہ، مظفر کالونی، غازی آباد، جمیل آباد، سہیل آباد اور دیگررہائشی علاقوں اور گلی محلوں میں آئے روز سیوریج سسٹم کی بدحالی سے گندے پانی کے تالاب بننا معمول بن چکا ہے ۔ شہریوں کی جانب سے متعدد بار شکایات کا اندراج کے باوجود بھی واساعملہ سیوریج سسٹم کو ٹھیک کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتا ہے ۔ شہریوں کاکہناہے کہ کئی بار دفاتر کے چکر لگانے پر اگر عملہ سیوریج ٹھیک کرنے آتا بھی ہے تو عارضی کام کر کے چلاجاتا ہے اور چند ہی گھنٹے بعد دوبارہ سیوریج لائنز کی بندش سے پورا علاقہ گندے پانی کے تالابوں میں تبدیل ہو جاتا ہے ۔ واسا کی جانب سے ماہانہ بلز تو بھیج دیئے جاتے ہیں لیکن سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کوئی مؤثر اقدامات نہیں اٹھائے جاتے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیاہے کہ شہر بھر میں سیوریج سسٹم کے نظام کو بہتر بنانے اور اس حوالے سے شہریوں کو درپیش مسائل کے خاتمے کیلئے فوری مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں ۔