شہری سے 40 لاکھ روپے ہتھیانے والے 2انسانی سمگلرز گرفتار
شہری کو فن لینڈ میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر بیلاروس روانہ کر دیا ایف آئی اے کی کارروائی، مزمل اور اسد عباس کے خلاف مقدمہ بھی درج
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ایف آئی اے نے بیرون ملک نوکری کا جھانسہ دے کر شہری سے لاکھوں روپے بٹورنے والے دو انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ایف آئی اے محمد اجمل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دو انسانی اسمگلرز کو گرفتار کیا۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے بیرونِ ملک ملازمت دلوانے کے نام پر شہری سے رقم ہتھیانے کے مقدمہ میں دو ملزمان مزمل اور اسد عباس کو گرفتار کیا۔ملزموں نے شہری کو فن لینڈ میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر 40 لاکھ روپے وصول کیے تاہم وعدے کے مطابق اسے فن لینڈ بھجوانے کے بجائے بیلاروس روانہ کر دیا گیا اور مطلوبہ ملازمت فراہم نہ کی گئی۔ابتدائی انکوائری کے دوران حاصل ہونے والے زبانی اور دستاویزی شواہد کی بنیاد پر ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔