زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری

یونیورسٹی نے 654ویں پوزیشن سے ترقی کرتے 629ویں پوزیشن حاصل کر لی کامیابی پوری کیمپس کمیونٹی کی مشترکہ محنت اور لگن کا نتیجہ :وی سی ڈاکٹر ذوالفقار

فیصل آباد (نیوز رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے بین الاقوامی اعلیٰ تعلیمی درجہ بندی میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں اپنی پوزیشن مزید بہتر کر لی ہے ۔ یونیورسٹی نے 654ویں پوزیشن سے ترقی کرتے ہوئے 629ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے ، جو اس کے تعلیمی معیار، مؤثر تحقیق، جدت طرازی اور بین الاقوامی روابط میں بہتری کی عکاسی کرتی ہے ۔زرعی یونیورسٹی کیو ایس سبجیکٹ رینکنگ میں زراعت کے شعبے میں دنیا کی 33ویں بہترین جامعہ بھی قرار پائی ہے ۔ یہ پیش رفت تدریسی معیار، تحقیقی پیداوار، صنعتی تعاون، فارغ التحصیل طلبہ کی ملازمت کے مواقع اور بین الاقوامی وژن جیسے شعبوں میں یونیورسٹی کی مسلسل ترقی کو ظاہر کرتی ہے ۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے اساتذہ، محققین، طلبہ، سابق طلبہ، انتظامی عملے اور تمام شراکت داروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پوری کیمپس کمیونٹی کی مشترکہ محنت اور لگن کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی معیاری تعلیم، جدید تحقیق، اختراع اور سماجی خدمات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے تاکہ قومی اور عالمی چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے ۔ زرعی یونیورسٹی زراعت، غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت، بائیوٹیکنالوجی، ویٹرنری سائنسز، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں میں نمایاں مقام رکھتی ہے ، جبکہ تحقیقی اشاعتیں، بین الاقوامی اشتراکات، پیٹنٹس اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر منصوبے اس کی عالمی شناخت کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں