ماموں کانجن: مکان پر گرا بجلی کا کھمبا شہریوں کیلئے خطرہ
محلہ غریب پورہ کے رہائشی واپڈاکی نااہلی کاشکار،کھمبافوری ہٹانے کامطالبہ
ماموں کانجن (نمائندہ دنیا)ماموں کانجن میں واپڈا کی مبینہ غفلت کے باعث محلہ غریب پورہ میں بجلی کا کھمبا ایک مکان پر عرصہ دراز سے گرا ہوا ہے ، جس سے جانی نقصان کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق محلہ غریب پورہ کے رہائشی واپڈا کی نااہلی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ بجلی کا کھمبا مکان پر گرا ہوا ہے جس کی ہائی وولٹیج تاروں سے ہر وقت کرنٹ لگنے کا خطرہ موجود رہتا ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ بچے اور خواتین گھر سے باہر نکلنے سے خوفزدہ ہیں، جبکہ متعدد بار واپڈا ماموں کانجن کو شکایات کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔علاقہ مکینوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بروقت کھمبا نہ ہٹایا گیا تو کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے ۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ فیصل آباد اور واپڈا حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔