100 مستحق خاندانوں میں بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم

 100 مستحق خاندانوں میں بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم

’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘پروگرام سے بے گھر خاندانوں کا خواب پورا ہو رہا : کمشنر

فیصل آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت فلاحی تنظیم اخوت کی جانب سے  اپنی چھت، اپنا گھر  پروگرام کے اہل خاندانوں اور دیگر 100 مستحق گھرانوں میں ایک کروڑ روپے مالیت کے بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب کمشنر آفس میں منعقد ہوئی۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے اہل اور مستحق خاندانوں میں چیک تقسیم کیے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک انقلاب آفرین پروگرام ہے ، جس کے ذریعے بے گھر خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کا خواب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ غریب اور مستحق افراد کو بلاسود قرض حسنہ فراہم کرنا سماجی تنظیم  اخوت  کا قابلِ ستائش اقدام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک فلاحی اور مہذب معاشرے کا تقاضا ہے کہ معاشی طور پر کمزور اور مستحق افراد کا سہارا بن کر ان کی مدد کی جائے ۔کمشنر نے قرض حاصل کرنے والوں پر زور دیا کہ وہ دیانتداری کے ساتھ قرض حسنہ واپس کریں تاکہ دیگر مستحق افراد بھی اس مائیکرو فنانس اسکیم سے فائدہ اٹھا کر اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔انہوں نے خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر خدمات انجام دینے والی اخوت کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ ایسے فلاحی اداروں کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی۔تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ، زونل منیجر خالد محمود، محمد اسلم جاوید، وحید خالق رامے اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں