سی سی ڈی کے اقدامات، فیصل آباد: جرائم کی شرح میں 52 فیصد کمی
مجموعی جرائم کی تعداد 24ہزار 254سے کم ہو کر 11ہزار 448رہ گئی،وقاص شاہ گینگ بھی ختم ، جرائم کی روک تھام کیلئے ہمہ وقت متحرک:ترجمان سی ٹی ڈی
فیصل آباد (عبدالباسط سے ) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی جانب سے بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں پر قابو پانے ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اختیار کی گئی جارحانہ حکمت عملی کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، منشیات فروشی، قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں مجموعی طور پر 52 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ جرائم میں نمایاں کمی اور شہریوں کے جان و مال کے بہتر تحفظ پر عوام نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق سی سی ڈی کے قیام کے بعد فیصل آباد میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا۔ معاشرے کو پرامن بنانے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے منشیات فروشوں، ڈاکوؤں، راہزنوں، اغوا کاروں، بھتہ خوروں اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد جرائم پیشہ افراد علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔
فیصل آباد کے شہریوں کے لیے خوف کی علامت سمجھے جانے والے وقاص شاہ گینگ کا بھی مکمل خاتمہ کر دیا گیا۔سی سی ڈی کی کارروائیوں کے باعث گزشتہ سال کے مقابلے میں مختلف جرائم میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ قتل کے مقدمات میں 34 فیصد، دورانِ ڈکیتی زیادتی کے مقدمات میں 100 فیصد، ڈکیتی معہ قتل میں 54 فیصد، ڈکیتی کی وارداتوں میں 78 فیصد، راہزنی میں 58 فیصد، گاڑیاں چھیننے کے واقعات میں 58 فیصد، کار چوری میں 42 فیصد اور موٹرسائیکل چوری میں 52 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح دیگر چوری کی وارداتوں میں بھی 52 فیصد کمی دیکھی گئی۔منشیات فروشی جیسے قبیح فعل میں ملوث ملزمان کے خلاف بھی بھرپور قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ مجموعی طور پر جرائم کی تعداد 24 ہزار 254 سے کم ہو کر 11 ہزار 448 رہ گئی، جو جرائم کی شرح میں 52 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے ۔ترجمان کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے مطابق جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سی سی ڈی ہمہ وقت متحرک اور مصروفِ عمل ہے ۔