جڑانوالہ :گوگیرہ برانچ نہر پر پری فلڈ موک ایکسرسائز کاانعقاد
ریسکیو 1122 سمیت تمام ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار:اے سی
جڑانوالہ، فیصل آباد (نمائندہ دینا ،سٹی رپورٹر) ممکنہ سیلابی صورتحال سے مؤثر اور بروقت نمٹنے کی تیاریوں کے سلسلے میں ریسکیو 1122 فیصل آباد نے جڑانوالہ کے گوگیرہ برانچ نہر پر بڑے پیمانے پر پری فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا۔ یہ عملی مشقیں سیکریٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارۂ امتیاز) کی ہدایات اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ کی نگرانی میں منعقد کی گئیں۔مشقوں میں ضلعی و تحصیل انتظامیہ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ صحت، محکمہ لائیو سٹاک، ریسکیو رضاکاروں اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھرپور حصہ لیا۔اس موقع پر تحصیل انچارج ریسکیو، سیفٹی آفیسر محمد شاہد نے ممکنہ سیلابی آپریشن، دستیاب وسائل، ریسکیو آلات اور ایمرجنسی رسپانس کے طریقۂ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب گورایہ نے مشقوں کا معائنہ کیا اور تمام اداروں کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور باہمی ہم آہنگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ ادارے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ، بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے بتایا کہ ان عملی مشقوں کا مقصد مختلف اداروں کے درمیان باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنانا، دستیاب وسائل اور آپریشنل استعداد کا جائزہ لینا، بروقت رسپانس کو بہتر بنانا اور ہنگامی حالات میں مؤثر کوآرڈینیشن کو یقینی بنانا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلابی خطرے کی صورت میں انسانی جانوں اور املاک کا زیادہ سے زیادہ تحفظ ممکن بنایا جا سکے ۔