افغان رجیم کی جانب سے بلوچستان میں ڈرونز پروازیں، پاکستان کی جوابی کارروائی، ڈرونز مار گرائے: آئی ایس پی آر
راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ افغان طالبان حکومت کی جانب سے بلوچستان میں سرحد پار ڈرونز پروازیں ہوئیں جس پر پاکستان نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ڈرون مار گرائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 30 جون کو افغان طالبان رجیم نے اپنی زیر انتظام سر زمین سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی مبینہ سرپرستی کے تسلسل میں بلوچستان کی سرحد کی جانب 4 ابتدائی نوعیت کے ڈرون بھیجے، پاکستان کے مضبوط فضائی دفاعی نظام نے ان تمام ڈرونز کی فوری نشاندہی کر لی۔
جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جدید دفاعی اقدامات کے ذریعے چاروں ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا، بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث مبینہ طور پر دشمن کے تمام عزائم ناکام بنا دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان رجیم کی جانب سے اس نوعیت کی کارروائیوں کا مقصد اپنی حکومت کے زیرِ اثر مشکلات کا شکار افغان عوام کی توجہ ہٹانا ہے، افغان طالبان کو یہ احساس کرنا چاہیے کہ ان کا غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل افغان عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کو اپنے عوام کو ایسے اقدامات اور بیانات کے ذریعے مطمئن کرنے کی کوشش کرنے کی بجائے دہشت گردی کی سرپرستی ترک کرنی چاہیے اور پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔
ساتھ ہی خبردار کیا گیا کہ اگر افغان طالبان نے پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی یا سرحد پار کارروائیاں جاری رکھیں تو انہیں ایسا مؤثر جواب دیا جائے گا جس کی انہیں بھاری قیمت چکانا پڑے گی، پاکستان کی مسلح افواج ملک کے چپے چپے کے دفاع کیلئے مکمل طور پر چوکس اور ہر وقت تیار ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے یا عوام کے جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی سرحد پار مہم جوئی یا اشتعال انگیزی کا فوری، فیصلہ کن اور بھرپور جواب آپریشن غضب للحق کے تحت دیا جاتا رہے گا۔