ایران کا مفاہمتی یادداشت کی اہم شقوں پر عمل درآمد تک مزید مذاکرات سے انکار
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران مفاہمتی یادداشت کی اہم شقوں پر عمل درآمد سے قبل کسی حتمی معاہدے کیلئے مزید مذاکرات شروع نہیں کرے گا۔
محمد باقر قالیباف کے مطابق ایران اس وقت تک حتمی مذاکرات میں شامل نہیں ہوگا جب تک مفاہمتی یادداشت کی شق نمبر 1، 4، 5، 10 اور 11 پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو جاتا۔
ان شقوں میں لبنان میں جنگی کارروائیوں کا خاتمہ، آبنائے ہرمز میں امریکی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ، تجارتی جہازوں کو صرف 60 دن کیلئے بغیر کسی فیس کے محفوظ گزرگاہ کی فراہمی کا عمل شامل ہے۔
اس کے علاوہ ایرانی خام تیل، پٹرولیم مصنوعات اور ان سے متعلقہ مصنوعات کی برآمد پر عائد پابندیوں میں نرمی، اور ایران کے منجمد مالی اثاثوں کی واپسی بھی ان شقوں میں شامل ہیں۔