بڑھتی آبادی ترقی کیلئے چیلنج، وزیراعظم کی نیشنل پاپولیشن کونسل جلد فعال کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: (دنیا نیوز وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت بہبودِ آبادی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں آبادی کے تیزی سے بڑھتے رجحان اور اس پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی آبادی قومی وسائل پر دباؤ بڑھا رہی ہے اور ملکی ترقی کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے اس لیے آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا افتتاحی اجلاس جلد از جلد بلانے اور قومی سطح پر آبادی سے متعلق پالیسی سازی کے لیے کونسل کا تنظیمی ڈھانچہ فوری مرتب کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ وہ خود نیشنل پاپولیشن کونسل کی سربراہی کریں گے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے، اس کا سیکرٹریٹ وزارتِ منصوبہ بندی میں قائم کیا جائے گا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کو خاندانی منصوبہ بندی سے منسلک کیا جائے گا، خواتین کی تعلیم اور انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانا آبادی پر قابو پانے کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہوگا، آبادی میں توازن اور خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق مؤثر آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور ایران سمیت کئی اسلامی ممالک آبادی پر قابو پانے کے کامیاب پروگرام چلا رہے ہیں، نیشنل پاپولیشن کونسل صوبائی حکومتوں کے تعاون سے قومی سطح پر مؤثر مہم چلانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔