چشتیاں: کنویں میں زہریلی گیس سے دم گھٹنے کے باعث تین افراد جاں بحق
چشتیاں:(دنیا نیوز) پنجاب کے علاقے چشتیاں میں گندے پانی کے کنویں میں زہریلی گیس بھر جانے کے باعث دم گھٹنے سے تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ نواحی گاؤں 28 پھٹے والی میں پیش آیا جہاں کنویں میں ایک بکری گر گئی تھی جسے نکالنے کے لیے ایک شخص کنویں میں اترا، تاہم زہریلی گیس کے باعث اس کی حالت غیر ہو گئی۔
اِسی طرح اُسے بچانے کے لیے مزید دو افراد بھی یکے بعد دیگرے کنویں میں اترے مگر وہ بھی زہریلی گیس کی لپیٹ میں آکر دم گھٹنے سے جان کی بازی ہار گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو حکام کا مزید کہنا تھا کہ تینوں افراد کی لاشوں کو کنویں سے نکالنے اور مزید ضروری کارروائی کے لیے آپریشن جاری ہے۔